بنگلورو۔05/ستمبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیانے آج اپنی ساڑھے تین سال پرانی کابینہ میں معمولی توسیع کرتے ہوئے شہر کے وجئے نگر اسمبلی حلقہ کی دوسری بار نمائندگی کررہے سینئر رکن اسمبلی اور وکلیگا فرقہ کے طاقتور لیڈر ایم کرشنپا کو اپنی وزارت میں شامل کیا۔ آج راج بھون میں منعقدہ سادھا تقریب میں گورنر واجو بھائی والا نے ایم کرشنپا کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا۔2000تا2006رکن کونسل رہے ایم کرشنپا 2008 اور 2013میں وجئے نگر اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوتے آئے ہیں۔ آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اعلیٰ کمان کی ہدایت کے مطابق انہیں وزارت میں شامل کرلیا۔ وزیراعلیٰ سدرامیا اور دیگر اہم وزراء اور اہم شخصیات کی موجودگی میں گورنر واجو بھائی والا نے نئے وزیر کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا۔ وزارت حاصل کرنے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایم کرشنپا نے کابینہ میں شامل ہونے کیلئے انہیں موقع دینے پر وزیر اعلیٰ سدرامیا کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے ان پر جو اعتماد کیا گیا ہے اس کی وہ بھرپور لاج رکھنے کی کوشش کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کی طرف سے انہیں جو بھی قلمدان تفویض کیا جائے گا اسے وہ بخوبی نبھانے کی کوشش کریں گے۔